حوزہ نیوز ایجنسی کے وفد نے گزشتہ برس کی طرح امسال بھی نجف اشرف میں حسینیہ بیت الاحزان کا دورہ کیا اور اربعین حسینیؑ کے موقع پر زائرین امام حسین علیہ السلام کے لیے فراہم کی جانے والی خدمات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر حوزہ نیوز ایجنسی کے نمائندہ سید محمود رضوی نے حسینیہ بیت الاحزان کی انتظامیہ اور خادمین سے خصوصی گفتگو کی اور اربعین کے دوران زائرین کی خدمت کے تجربات، فراہم کی جانے والی سہولیات اور آئندہ خدمات کو مزید وسعت دینے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔
اربعین کے ایام میں ہزاروں زائرین کی خدمت
اربعین حسینیؑ کے موقع پر حسینیہ بیت الاحزان نجف اشرف کی جانب سے زائرین امام حسین علیہ السلام کی خدمت کا سلسلہ یکم صفر سے 28 صفر تک جاری رہا، جس سے ہندوستان، پاکستان، ایران اور عراق سمیت مختلف ممالک سے آنے والے ہزاروں زائرین نے استفادہ کیا۔ بالخصوص حوزہ علمیہ قم کے طلبہ اور ان کے اہل خانہ بھی ان خدمات سے مستفید ہوئے۔
حسینیہ بیت الاحزان میں زائرین کی سہولت کے ساتھ ان کی دینی و روحانی ضروریات کو بھی مدنظر رکھا گیا۔ اس سلسلے میں روزانہ پانچ وقت نماز باجماعت، مجالس عزاء، پرسہ داری، علمی و فکری حلقوں اور مختلف نشستوں کا اہتمام کیا گیا جبکہ زائرین کے قیام و طعام کے لیے بھی وسیع انتظامات کیے گئے۔

زائرین کے قیام و طعام کے خصوصی انتظامات
حسینیہ بیت الاحزان میں مرد و خواتین زائرین کے لیے علیحدہ رہائش اور آرام کی جگہیں فراہم کی گئیں، جہاں تقریباً ڈیڑھ سے دو سو افراد کے قیام کی گنجائش موجود تھی۔ زائرین کے لیے ایئر کنڈیشنڈ ماحول، ٹھنڈے اور صاف شفاف پانی کی فراہمی کے ساتھ روزانہ تین وقت کھانے کا بھی انتظام کیا گیا۔
خدمتِ زائرین؛ عظیم سعادت اور شرف
حسینیہ بیت الاحزان کے مؤسس و خادم حجت الاسلام والمسلمین سید ذہین علی نجفی نے اپنے پیغام میں تمام زائرین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا: زائرین امام حسین علیہ السلام کی خدمت کا موقع ملنا ہمارے لیے ایک عظیم سعادت اور شرف ہے۔
انہوں نے کہا: دنیا کے مختلف خطوں سے آنے والے زائرین جب امام حسین علیہ السلام کے دسترخوان پر جمع ہوتے ہیں تو یہ ایک عظیم روحانی منظر ہوتا ہے۔
حجت الاسلام سید ذہین علی نجفی نے مزید کہا: حسینیہ بیت الاحزان آئندہ برس زائرین کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی خدمات کے دائرہ کار کو مزید وسیع کرنے کی کوشش کرے گا۔

علمی و دینی حلقوں کی جانب سے خدمات پر خراج تحسین
حوزہ علمیہ اور مختلف دینی و علمی حلقوں سے تعلق رکھنے والے طلاب نے بھی حسینیہ بیت الاحزان کی جانب سے فراہم کی جانے والی خدمات کو سراہتے ہوئے اسے زائرین اربعین کی خدمت کے حوالے سے ایک قابلِ قدر اور مؤثر اقدام قرار دیا۔
اربعین کے ایام میں حسینیہ بیت الاحزان نجف اشرف زائرین کے قیام و طعام کے ساتھ ساتھ نماز، عزاداری، علمی و فکری نشستوں اور باہمی ارتباط کا بھی ایک فعال مرکز بنا رہا۔
آئندہ خدمات کو مزید وسعت دینے کا عزم
حسینیہ بیت الاحزان کی انتظامیہ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ آئندہ زائرین امام حسین علیہ السلام کی خدمت کے اس سلسلے کو مزید منظم اور وسیع کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ زائرین اس روحانی اور خادمانہ ماحول سے استفادہ کر سکیں۔
حوزہ نیوز ایجنسی کے نمائندہ سید محمود رضوی نے حسینیہ بیت الاحزان کی انتظامیہ اور خادمین کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اربعین حسینیؑ کے موقع پر زائرین امام حسین علیہ السلام کی خدمت ایک عظیم دینی اور انسانی ذمہ داری ہے اور ایسے مراکز زائرین کو سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ حسینی تعلیمات، روحانیت اور باہمی اخوت کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔










آپ کا تبصرہ